پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستانی فوج کے 12 افسران کو کرپشن کے الزام پر برطرف کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستانی  فوج کے 12 افسران کو کرپشن کے الزام پر برطرف کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بد عنوانی کے الزامات پر برطرف ہونے والے افسران میں ایک لیفٹننٹ جنرل، 5 بریگیڈیئر،3 کرنلز اور ایک میجر رینک کے افسران شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق برطرف افسران میں لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خٹک اور میجرجنرل اعجاز شاہد شامل ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق برطرف کیے جانے والے دیگر افسران میں بریگیڈیئر حیدر، بریگیڈیئر اسد، بریگیڈیئر سیف اللہ ، بریگیڈیئر عامر، کرنل حیدر اور میجرنجیب کا نام بھی سامنے آیا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ برطرف کیے جانے والے افسران نے فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان میں خدمات انجام دیں۔

فوج کی جانب سے افسران کے نام کی تصدیق نہیں کی گئی جبکہ ان کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات بھی سرکاری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل ہی آرمی چیف نےکوہاٹ میں سگنل ریجمنٹل سینٹر کے دورے کے موقع پر کہا تھا کہ پاکستان کی یکجہتی، سالمیت اور خوشحالی کے لیے بلاتفریق سب کا احتساب ضروری ہے.