پاکستان کے وزیر اعظم آفس کے قریبی ذرائع کے مطابق پانامہ لیکس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اپنے تینوں بچوں کو منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے الزامات سے بری کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم آفس کے قریبی ذرائع کے مطابق  پانامہ لیکس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف اپنے تینوں بچوں کو منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے الزامات سے بری کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے قریبی ذرائع کے مطابق نواز شریف پانامہ لیکس کی تحقیقات کے حوالے سے بالکل وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے، چاہے پھر وہ اپنے اعلان کردہ عدالتی کمیشن کے ذریعہ ہو یا پھر کسی دوسرے فورم پر اس کی تحقیقات ہوں، حکومت یہ معاملہ جلد نمٹانا چاہتی ہے۔

وزیر اعظم کے قریبی ساتھیوں اور حکمراں جماعت کے آفس بیئررز نے پس پردہ گفتگو میں ڈان کو بتایا کہ اگر عدالتی کمیشن کے قیام کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں سے کوئی اتفاق رائے نہیں ہوتا، تو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا تجویز کردہ پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا آپشن بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ پانامہ لیکس میں وزیراعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز اور صاحبزادی مریم نواز کو برٹش ورجن کے جزائر میں آف شور کمپنیوں کا مالک بتایا گیا تھا۔