برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے والد کی آف شور کمپنی سے فوائد حاصل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اپنے والد کی آف شور کمپنی سے فوائد حاصل کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پانامہ پیپرز لیک ہونے کے بعد شدید دباؤ کے بعد برطانوی  وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے اعتراف کرلیا کہ انہوں نے اپنے آنجہانی  والد کی قائم کردہ آف شور سرمایہ کاری سے فوائد حاصل کئے۔ برطانوی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ بلیمر انویسٹ منٹ ٹرسٹ میں ان کے والد کے 5 ہزار یونٹ تھے جسے انہوں نے جنوری 2010 میں فروخت کیا جس کی مالیت 42 ہزار امریکی ڈالر بنتے ہیں۔ڈیوڈ کیمرون کا کہنا تھا کہ انہوں نے آف شور یونٹس اس لئے فروخت کئے کیوں کہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ وزیراعظم بننے کے لئے ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے جب کہ آف شور سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع پر وہ انکم ٹیکس بھی ادا کرتے رہے ہیں لیکن انہوں نے وضاحت بھی کی کہ بذات خود ان کا کوئی آف شور فنڈ یا کوئی شیئر نہیں ہے۔