ونزوئلا کی حکومت نے ملک میں بجلی کے بحران کے باعث جمعہ کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے اس طرح سرکاری دفاتر ہفتے میں تین روز بند رہیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیرملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ونزوئلا کی حکومت نے ملک میں بجلی کے بحران کے باعث جمعہ کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ونزوئلا میں پانی کے بحران سے پیدا ہونے والے بجلی بحران کے بعد ونزوئلا کے صدر نکولس میدورو نے سرکاری ٹی وی پراعلان کیا کہ بجلی بچانے کے لئے آئندہ 2 ماہ کے لئے جمعہ کے روز بھی سرکاری چھٹی ہوگی اس طرح سرکاری دفاتر ہفتے میں تین روز بند رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو 70 فیصد بجلی فراہم کرنے والے ہائیڈرو الیکٹرک ڈیم میں پانی کم ترین سطح تک پہنچ گیا جس کے باعث ملک کو بجلی بحران کا سامنا ہے جس پر قابو پانے کے لئے جمعہ کی چھٹی کا فیصلہ کیا گیا۔ونزوئلا کے صدر نے حکم دیا کہ سرکاری طور پر چلنے والی انڈسٹریاں 20 فیصد تک بجلی کے استعمال میں کمی لائیں تاہم انہوں نے رہائشی علاقوں میں بجلی کی بندش نہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔