مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سکریٹری نے کہا ہے کہ ایران کا دفاعی میزائل سسٹم ناقابل مذاکرات ہے اور ایران اپنی دفاعی صلاحیت کو ترقی دینے کی راہ پر گامزن رہےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجمع تشخیص مصلحت نظام کے سکریٹری محسن رضائی نے اپنے اینسٹا گرام  بیان میں کہا ہے کہ ایران کا دفاعی میزائل سسٹم ناقابل مذاکرات ہے اور ایران اپنی دفاعی صلاحیت کو ترقی دینے کی راہ پر گامزن رہےگا۔

محسن رضائی نے کہا کہ مذاکرات کی تین قسمیں  ہیں جن میں باہمی تعاون پر مبنی مذاکرات جیسے ایران اور چين کے درمیان مذاکرات ، رقابتی ماحول میں مذاکرات جیسے ترکی اور ایران کے شام کے بارے میں مذاکرات  اور عداوت اور دشمنی پر مبنی مذاکرات جیسے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات،

محسن رضائی نے کہا کہ پہلی اور دوسری نوعیت کے مذاکرات باہمی مفادات پر مبنی ہوتے ہیں جبکہ تیسری نوعیت کے مذاکرات شیطنت اور شر کو دور کرنے کے لئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایران کا میزائل سسٹم بالکل دفاعی نوعیت کا ہے کیونکہ ایران نے اپنی تاریخ میں کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف جارحیت کا ارتکاب نہیں کیا اور نہ ہی اس قسم کے عزائم رکھتا ہے لیکن اپنے دفاع کو مضبوط بنانا ایران کا حق ہے اور دنیا کی کوئی طاقت ایران کو اس کے اس حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔