مہر خبررساں ایجنسی نے العہد کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب میں مسافر بس الٹنے سے 19 مصری زائر ہلاک جب کہ 22 زخمی ہوگئےہیں۔ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی علی الصبح مصر سے تعلق رکھنے والے 44 افراد عمرہ کی ادائیگی کے بعد مکہ المکرمہ سے مدینہ منورہ جارہے تھے کہ ان کی بس الٹ گئی، حادثے میں 19 زائرین ہلاک جب کہ 22 زخمی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمیوں کو مدینہ منورہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کے عہدیدار ہشام النقیب نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں کا تعلق مصر کے مختلف شہروں سےہے، مصر کا سفارت خانہ اس سلسلے میں مقامی سعودی حکام سے رابطے میں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سعودی عرب کی سرحد کے قریب جنوبی اردن میں فلسطینی معتمرین کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔