مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو میں دو پولیس اہلکاروں کے درمیان ایک کیلے پر شدید لڑائی ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق تامل ناڈو کے شہر ٹریچی کے علاقے سری رنگام اور تِھرووانیکاول میں اسپیشل سب انسپکٹر رادھا اور ڈرائیور سراوانن رات کے وقت معمول کے گشت پر تھے کہ اسی دوران ان کی صرف اس بات پر لڑائی ہوگئی کہ ان میں سے ایک نے، دوسرے کا لایا ہوا کیلا کھا لیا۔
دونوں اہلکاروں کے درمیان جب لڑائی بڑھی تو علاقے میں موجود دوسرے پولیس اہلکار بھی وہاں آ پہنچے اور دونوں کی لڑائی ختم کرائی، لیکن اُس وقت تک دونوں اہلکار ایک دوسرے کو اتنی بُری طرح زخمی کرچکے تھے کہ ان کو مقامی ہسپتال لے جانا پڑا۔ سینئر پولیس حکام نے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔