امریکہ نے افغانستان ، پاکستان، عراق اور شام کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں کئے گئے ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے افغانستان ، پاکستان، عراق اور شام کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک میں کئے گئے ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے۔  واشنگٹن میں خارجہ امور کی کونسل سے خطاب کے دوران امریکی صدر کی مشیر برائے انسداد دہشت گردی لیزا موناکو نے کہا کہ اوبامہ انتظامیہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران 2009 سے ڈرون حملوں میں مارے جانے والے دہشت گردوں اور عام شہریوں کی تفصیلات اور دیگر انسداد دہشت گرد کارروائیوں کا جائزہ پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت کو اس بات کا ادراک ہے کہ یہ عمل ہمارے اتحادیوں کے ساتھ وسیع شراکت داری اور انسداد دہشت گردی کی قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین ہے۔ واضح رہے کہ امریکی اعداد و شمار کے مطابق 2006 سے اب تک پاکستان میں 389 ڈرون حملے کئے گئے ہیں جن میں 2 ہزار 797 دہشت گرد اور ان کے ساتھی جب کہ 158 عام شہری ہلاک ہوئے ہیں جب کہ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں دہشت گردوں کے مقابلے میں عام شہریوں کا جانی نقصان کئی گنا زیادہ ہے۔