مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش کے شیربنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا ٹی ٹوئنٹی کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان نے بھارت کو جیت کے لیے 84 رنز کا آسان ہدف دیا جس کے جواب میں بھارتی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار رہی لیکن یووراج اور کوہلی نے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔ روہت شرما اور اجینکا رہانے نے اننگز کا آغاز کیا، محمد عامر نے دوسری ہی گیند پر شرما اور چوتھی گیند پر رہانے کو آؤٹ کرکے میچ میں دلچسپی پیدا کردی۔ محمد سمیع نے دوسرے اوور میں 4 رنز دیے جب کہ محمد عامر نے تیسرے اوور میں سریش رائنا کو ایک رنز پر آؤٹ کرکے بھارتی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا، عامر نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، وہاب ریاض نے 9ویں اوور میں 15 رنز دے کر بھارت کے لیے ہدف مزید آسان کردیا۔ ویرات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، ویرات کوہلی 49 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ یووراج 14 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور کپتان دھونی نے وننگ شارٹ کھیلا وہ 7 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عامر، محمد عرفان اور محمد سمیع نے شاندار بولنگ اسپیل کیے، عامر نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 3، محمد سمیع نے 16 رنز دے کر 2 اور عرفان نے بغیر کوئی وکٹ لیے 4 اوورز میں 16 رنز دیئے لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے کھیل کا پاسا پلٹ دیا اور پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔