مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی شہر کوئٹہ میں انسداد پولیو سنٹر کے قریب خود کش دھماکے کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ پاکستانی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی کا میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسداد پولیو سنٹر کی سیکیورٹی پر مامور پولیس موبائل کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکار اور ایف سی اہلکار ہلاک جب کہ 20 زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 8 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز سید امتیاز شاہ کا کہنا تھا کہ دھماکہ خود کش تھا اور اس میں 4 سے 5 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا، دھماکے کی جگہ سے خود کش بمبار کے اعضا مل گئے ہیں جس کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 13 جنوری 2016 - 15:11
پاکستان کے شہر کوئٹہ میں انسداد پولیو سنٹر کے قریب خود کش دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔