اجراء کی تاریخ: 7 جنوری 2016 - 07:42

ترکی میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے بچوں سمیت 36 افراد ہلاک ہوگئے ہیں

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے بچوں سمیت 36 افراد ہلاک ہوگئے ہیں. اطلاعات کےمطابق وہابی دہشت گردوں  کی جنگ کی وجہ سے متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقام کی طرف ہجرت کرنے کی کوشش میں ترکی کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے سے بچوں سمیت 36 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر 8 افراد کو بچالیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے افراد شام سے یونان جارہے تھے کہ تیز لہروں کی وجہ سے ان کی کشتی الٹ گئی جب کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔

واضح رہے کہ وہابی دہشت گردی سے متاثرہ مشرق وسطیٰ کے ممالک سے اب تک لاکھوں افراد یورپین ممالک کی جانب ہجرت کرچکے ہیں جب کہ اس دوران 3 ہزار سے زائد پناہ گزین سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک بڑی تعداد بچوں کی بھی ہے۔  ذرائع کے مطابق ترکی اور سعودی عرب دہشت گردوں کی بڑے پیمانے پر حمایت کررہا ہے اور دہشت گردوں کی وجہ سے لوگ اپنے گھر چھوڑ کر دوسرے ممالک کی طرف ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔