مراکش نے یمنی عوام کے خلاف جاری سعودی اتحادیوں کی جنگ کے لیے اپنی زمینی فوج بھی یمن میں اتارنے کا اعلان کر دیا ہے مراکش پہلے ہی سعودی اتحاد میں شامل ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عرب ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مراکش نے یمنی عوام کے خلاف جاری سعودی اتحادیوں کی جنگ کے لیے اپنی زمینی فوج بھی یمن میں اتارنے کا اعلان کر دیا ہے۔

گلف نیوز کے مطابق مراکش ابتدائی طور پر اپنے 1500فوجی یمن بھیجے گا ، اس کے علاوہ چھاتہ بردار فوجیوں کی ایک ٹیم بھی یمن روانہ کی جائے گی۔ مراکشی اخبار " الصباح" کی رپورٹ کے مطابق یہ فوجی دستے آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی شاہ خالد ایئربیس پر پہنچ جائیں گے جہاں سے انہیں یمن روانہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ براعظم افریقہ کا یہ مسلمان ملک اس سے قبل ہی سعودی اتحاد میں شامل ہے اور اس کی فضائیہ ایف 16لڑاکا طیاروں کے ذریعے یمنی عوام کے ٹھکانوں پر بمباری کر رہی ہے۔عرب ذرائع کے مطابق یمن پر جنگ مسلط کرکے سعودی عرب نے اپنا مکروہ چہرہ عالم اسلام کے سامنے پیش کردیا ہے اور سعودی عرب اس وقت عالم اسلام کے لئے ذلت و ننگ کا باعث بنا ہوا ہے۔