اجراء کی تاریخ: 21 نومبر 2015 - 19:30

امریکی صدر براک اوبامہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ علاقائی رہنماؤں کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا محور اقتصادی معاملات، دہشت گردی اور علاقائی تنازعات ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے شنہوا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر براک اوبامہ ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ علاقائی رہنماؤں کے ایک اجلاس میں شرکت کریں گے جس کا محور اقتصادی معاملات، دہشت گردی اور علاقائی تنازعات ہے۔ اوبامہ 10 جنوب مشرقی ایشائی ممالک کی تنظیم 'آسیان' اور دوسرے عالمی رہنماؤں کے ساتھ سال میں دو بار ہونے والی سربراہی کانفرنس کے دوسرے اجلاس میں شرکت کے لیے یہاں آئے ہیں۔ داعش کی طرف سے گزشتہ ہفتے پیرس میں ہونے والے مہلک حملوں کے بعد کوالالمپور میں دہشت گردی کے خطرے کی اطلاعات کے پیش نظر شہر بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ آسیان کانفرنس میں شرکت کرنے والے زیادہ تر رہنما فلپائن سے آرہے ہیں جہاں انہوں نے ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون کی تنظیم 'آیپک' کے سالانہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔