اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی موجودہ 70ویں سیشن کے دوران یکطرفہ معاشی پابندیوں کو سیاسی دباؤ ڈالے جانے کے حربے کے طور پر استعمال کو روکنے کے معاملے پر غور کرے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی موجودہ 70ویں سیشن کے دوران یکطرفہ معاشی پابندیوں کو سیاسی دباؤ ڈالے جانے کے حربے کے طور پر استعمال کو روکنے کے معاملے پر غور کرے گی۔ اقتصادی و معاشی معاملات سے وابستہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی نے اس سے متعلق قرارداد کی منظوری دی ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 117 ممالک نے ووٹ دیا، 51 ممالک نے ووٹ دینے سے گریز کیا جبکہ امریکہ اور اسرائیل نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔ قرارداد کے مطابق یکطرفہ معاشی پابندیاں ترقی پذیر اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی میں حائل ہوتی ہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ سیاسی اور معاشی دباؤ کے حربے کے طور پر یکطرفہ پابندیوں کے استعمال کی مذمت کرے۔