مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی) نے بھارت کے کانگریس رہنما ششی تھرور کی آنجہانی اہلیہ سنندا پُشکر کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت کی وجہ پولونیم یا کوئی اور تابکار مادہ نہیں۔ دہلی پولیس کو بھیجی جانے والی ای میل میں ایف بی آئی نے انکشاف کیا ہے کہ سنندا پُشکر کے جسم سے کسی تابکار مادے کے کوئی آثار نہیں ملے تاہم بعض پولیس رپورٹ کے مطابق سنندا پُشکر کی موت کے بارے میں کسی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل ان کا پولی گراف ٹیسٹ لیا جائے گا۔ امریکہ سے ملنے والی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے دہلی پولیس کمشنر بی ایس باسی نے کہا ہے کہ ہمیں ایف بی آئی کی تجربہ گاہوں سے ای میل پر رپورٹ موصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم اگر تفتیشی افسر چاہے تو ششی تھرور کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ 51 سالہ سنندا پُشکر گزشتہ برس جنوری میں دہلی کی ایک ہوٹل میں پراسرار طور پر مردہ پائی گئی تھیں، ایک برس تک ان کی موت کو خودکشی قرار دیا جاتا رہا تھا لیکن اس سال دہلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں زہر دیا گیا تھا اور نامعلوم افراد کے خلاف اس کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔
اجراء کی تاریخ: 12 نومبر 2015 - 00:14
فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن ( ایف بی آئی) نے بھارت کے کانگریس رہنما ششی تھرور کی آنجہانی اہلیہ سنندا پُشکر کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی موت کی وجہ پولونیم یا کوئی اور تابکار مادہ نہیں۔