مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس کے وزیر خارجہ لورانس فابیوس نے کہا ہے کہ احتیاطی تدابیر نہ کی گئیں تو دنیا موسمی تبدیلیوں سے محفوظ نہیں رہ سکے گی۔ فرانس میں رواں ماہ کے آخر میں ہونے والی موسمی تبدیلیوں سے متعلق عالمی کانفرنس کے لئے ایجنڈے کی تیاری کے سلسلے میں ساٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث زمین پر زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دنیا بھر کا درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اگر ہنگامی بنیادوں پر اسے روکنے کے اقدامات نہ کئے گئے تو بدترین خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ دنیا نقل مکانی جیسے سنگین مسئلے سے بھی دوچار ہوسکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے زیراہتمام پیرس میں ہونے والی اس کانفرنس میں غریب اور ترقی پذیر ممالک کو موسمی تبدیلیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے امداد کا تعین کرنا اور دیگر مختلف تجاویز پر غور کیا جائے گا۔