مہر خبررساں ایجنسی نے ترک ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (اے کے پی) نے فتح حاصل کر لی ہے۔ ترکی کی سیاست پر حاوی ’اے کے پی‘ نے پارلیمانی انتخابات میں 49.4 فیصد ووٹ لے کر پارلیمنٹ کی 550 میں سے 316 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ ووٹوں کی شرح کے تناسب سے حکمراں جماعت ایک بار پھر تنہا حکومت قائم کرسکتی ہے، کیونکہ 550 نشستوں کی ترک پارلیمنٹ میں کسی بھی جماعت کو تنہا حکومت بنانے کے لیے 276 نشستوں پر کامیابی کی ضرورت ہوتی ہے۔ انتخابات میں بڑی اپوزیشن جماعت ریپبلیکن پیپلز پارٹی (سی ایچ پی)، جون میں ہونے والے انتخابات کی طرح 25.4 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہی۔ نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی (ایم ایچ پی) کی حمایت گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں کم ہو کر 12 فیصد پر آگئی۔ واضح رہے کہ ترکی میں رواں برس جون میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی 13 سالوں میں پہلی بار پارلیمنٹ میں اکثریت سے محروم ہوگئی تھی۔ جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی نے جون میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں 258 نشستیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد اس کی اتحادی حکومت قائم کرنے کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں۔
اجراء کی تاریخ: 2 نومبر 2015 - 15:06
ترکی میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں حکمراں جماعت جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی (اے کے پی) نے فتح حاصل کر لی ہے۔