ہندوستانی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں اونچی ذات کے ہندوؤں نے نچلی ذات کے 4 افراد کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں 2 بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست ہریانہ کے شہر فرید آباد میں اونچی ذات کے ہندوؤں نے نچلی ذات کے 4 افراد کو آگ لگادی جس کے نتیجے میں 2 بچے جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق فرید آباد کے سنپد گاؤں میں دلت ذات کے ہندو خاندان کے 4 افراد کو اونچی ذات سے تعلق رکھنے والے افراد نے رات گئے گھر میں گھس کر آگ لگائی۔ آگ کے نتیجے میں 10 ماہ اور 2 سال کا بچہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کے والدین کو زخمی حالت میں نئی دہلی کے سفدرجنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دلت خاندان کے افراد کو مبینہ طور پر راجپوت ذات کے لوگوں نے آگ لگائی کیونکہ دونوں خاندانوں کے درمیان زمین کا تنازع تھا۔ واضح رہے فرید آباد کے سنپد گاؤں میں اس سے قبل بھی اونچی اور نیچی ذات کے ہندوؤں کے درمیان تصادم کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔