مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور گجرات میں سزائے موت پر عمل درآمد کے منتظر مزید 5 مجرموں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈسٹرکٹ جیل گجرات میں قتل کے 3 مجرموں سلیمان، شفیق اور یونس کو پھانسی دے دی گئی۔ سلیمان اور شفیق نے 1998 میں ناصر محمود نامی شخص کو اغوا کے بعد قتل کیا تھا۔ مجرم یونس کو 2002 میں ریاض نامی شخص کو قتل کرنے کے جرم میں پھانسی کی سزا ہوئی تھی۔
سینٹرل جیل فیصل آباد میں قید غلام مصطفیٰ کو 2001میں ذاتی دشمنی پر ایک شخص کو قتل کرنے کے جرم میں تختہ دار پر لٹکا دیاگیا۔ ڈیرہ غازی خان سینٹرل جیل میں 1996 میں گھریلو تنازع پر بیوی کو قتل کرنے والے محمد اسلم کو 19 سال بعد پھانسی دے دی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بہاولپور میں 3، ملتان اور گجرات میں 2،2 جب کہ اٹک میں ایک مجرم کو پھانسی دی گئی تھی. پاکستان میں پشاور میں فوجی اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پھانسی پر عائد پابندی اٹھائی گئی تھی لیکن دہشت گردوں کو پھانسی دینے کے بجائے عام اور گھریلوجھگڑوںمیں ملوث افراد کو تیزی کے ساتھ پھانسیاں دی جارہی ہیں۔