مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ کراچی میں ایک سیاسی جماعت اور صوبائی حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے جب کہ دہشت گردی کا الزام لگا کر 90 دن کا ریمانڈ لینا امتیازی سلوک ہے۔ پاکستانی سینیٹ میں حزب اختلاف کے رہنما اعتزاز احسن نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی کرپشن کی صفائی پیش نہیں کررہے لیکن دہشت گردی کا الزام لگا کر 90 دن کا ریمانڈ لینا امتیازی سلوک ہے جب کہ کراچی میں ایک سیاسی جماعت اورصوبائی حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور ایک جماعت سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔
اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پر لگائے جانے والے الزامات میں بھی کوئی صداقت نظر نہیں آتی کیونکہ جب وہ پرویز مشرف کے اتحادی تھے اس وقت ان کے خلاف اقدام کیوں نہیں اٹھایا گیا۔