مہر خبررساں ایجنسی نے مصری الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مصر میں پولیس اور فوج نے غلطی سے سیاحوں کے ایک کارواں پر حملہ کرکے 12 سیاحوں کو ہلاک کردیا جن میں کئی غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔ مصری وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصر کی پولیس اور فوج ملک کے مغرب میں واقع ریگستان میں دہشت گردوں کا تعاقب کررہی تھی، اس دوران فورسز کو چار ٹرک نظر آئے جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاح موجود تھے۔ یہ ٹرک اس علاقے سے گزررہے تھے جو بیرونی سیاحوں کے لیے وضع کردہ حدود سے باہر تھا۔ جس پر فورسز نے غلط فہمی کا شکار ہوکر قافلے کو نشانہ بنایا۔
مصری وزارت داخلہ نے واقعے میں 12 افراد کی ہلاکت اور 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، ہلاک اور زخمی ہونے والے سیاحوں میں میکسیکو کے شہری بھی شامل ہیں ۔ مصری حکام کے مطابق واقعہ میں 2 میکسیکن شہری ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر میکسیکو کی حکومت نے بھی اپنے دو باشندوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرنے اور زخمی ہونے والے افراد کی مزید تصدیق کی جارہی ہے۔ میکسیکو کے صدر اینرک پینا نائیٹو نے ان ہلاکتوں کی مذمت کرتے ہوئے مصر سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔