مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک ہوٹل میں گیس سیلنڈر پھٹنے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 82 ہوگئی جب کہ 150 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع جھابوا کے قصبے پیتلاواد میں واقع ایک ہوٹل میں اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں دفاتر جانے والے افراد اور طلبا کی بڑی تعداد ناشتہ کررہی تھی، دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے ناصرف ہوٹل مکمل طور پر تباہ ہوگیا جب کہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
جھابوا کی ضلعی پولیس آفیسر سیما علاوا نے واقعے میں کم ازکم 82 افراد کی ہلاکت اور 150 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوٹل کے ملبے میں اب بھی کئی لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ بھی سکتی ہے۔