مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ملائیشیا کے مغربی ساحل کے قریب تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے 14 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ ملائیشیا کے مغربی ساحل میں مصروف ترین تجارتی آبی گزرگاہ آبنائے ملاکا کے قریب پیش آیا جہاں غیر قانونی طور پر ملائیشیا میں داخل ہونے والے تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی جس میں 100 سے زائد افراد سوار تھے، حادثے کے بعد مقامی ماہی گیروں نے ڈوبنے والے متعدد افراد کی جانیں بچائیں جب کہ اس دوران 14 افراد کی لاشیں بھی نکالی گئیں جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
ملائیشیا کے حکام کے مطابق تاکین وطن کی بڑی تعداد اب بھی لاپتا ہے جنہیں تلاش کیا جارہا ہے اور اس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق حادثے کی وجہ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافروں کو سوار کرنا تھا جب کہ کشتی میں سوار افراد کی اکثریت کا تعلق انڈونیشیا سے تھا تاہم حکام کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 20 لاکھ سے زائد افراد روزگار کے لیےغیر قانونی طور پر ملائیشیا میں مقیم ہیں جن کی اکثریت کا تعلق ہمسائے ملک انڈونیشیا سے ہے جہاں سے ہر سال ہزاروں افراد روزگار کی تلاش میں تنگ اور خطرناک آبی گزرگاہوں سے ملائیشیا میں داخل ہوتے ہیں ۔