اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے ثاراللہ فوجی مشقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں میں 50 ہزار رضاکار حصہ لیں گے اور اس سال کے اختتام تک 20 فوجی مشقیں کی جائیں گی ۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ جنرل محمد علی جعفری نے ثاراللہ فوجی مشقوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مشقوں میں 50 ہزار رضاکار حصہ لیں گے اور اس سال کے اختتام تک 20 فوجی مشقیں منعقد کی جائیں گی ۔جنرل جعفری نے کہا کہ سال کے آخر تک بری، بحری اور فضائی مشقوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی سپاہ ایمان اور اعتقاد کے ساتھ جدید ترین ہتھیاروں سے مسلح ہے اور ایران دفاعی وسائل کے سلسلے میں استقلال کی جانب بڑھ رہا ہے۔

جنرل جعفری نے کہا کہ اسلامی نظام کی سرپرستی ایک مدیر، مدبر ،حکیم ،انقلابی ،ذہین اور ہوشمند شخصیت  رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کے ہاتھ میں ہے اور ایرانی عوام کا اسلامی نظام اور رہبری پر مکمل اعتماد ہے جو ملک کے اصلی دفاعی ارکان میں شامل ہے۔

جنرل جعفری نے کہا کہ ایران کےخلاف امریکہ کی عداوت اور دشمنی میں کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ اضافہ ہواہے ایران کے خلاف امریکہ کی نرم جنگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور ہمیں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی معاندانہ سازشوں اور پالیسیوں کے بارے میں ہوشیار اور بیدار رہنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ امریکہ ابھی بھی بڑا شیطان ہے اور وہ اپنی شیطنت سے کبھی باز نہیں آئے گا اورامریکہ کے مکروفریب  اور اس کی عداوت اور دشمنی سے ہمیں آگاہ رہنا چاہیے اور ایرانی قوم اپنی بصیرت کے ذریعہ امریکہ کی تمام سازشوں کو ماضی کی طرح ناکام بنادےگی۔