مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سے امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورت حال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر گفتگو کی ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس ملاقات میں کہا کہ امریکہ تمام شعبوں میں پاکستان کا اہم شریک ہے اور پاکستان امریکہ سے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جب کہ واشنگٹن سے تعلقات اور شراکت داری خطے اور دنیا کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے اکتوبر میں دورہ امریکہ کا منتظر ہوں۔
ادھر امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوزان رائس نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔