ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے نئے انتخابات کیلئے عبوری کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے آناتولی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے نئے انتخابات کیلئے عبوری کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔ کابینہ یکم نومبرکو ہونے والے عام انتخابات کے انعقاد تک حکومت چلائے گی ۔ترک صدر رجب طیب اردوغان نے وزیراعظم احمد داود اوغلو سے ملاقات میں عبوری کابینہ کی منظوری دی ۔ عبوری کابینہ میں پہلی بار کرد پارٹی کو نمائندگی دی گئی ہے۔ ترکی میں رواں سال جون میں عام انتخابات ہوئے تھے۔ لیکن حکمراں جماعت کی جانب سے مخلوط حکومت کی تشکیل میں ناکامی کے بعد ترک صدر طیب اردوغان نے یکم نومبر کو ملک میں نئے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔