شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے اگلے مورچوں پر تعینات فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیار رہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے یونہاپ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے اگلے مورچوں پر تعینات فوجیوں کو حکم دیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیار رہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان سرحد پرہلکی گولہ باری کے بعد کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا جب کہ شمالی کوریا کے سربراہ نے ہنگامی طور پر سینٹرل ملٹری کمیشن کی ہنگامی میٹنگ طلب کرتے ہوئے اگلے مورچوں پر تعینات فوج کو حکم دیا ہے کہ وہ جنگ کے لئے تیاری کریں اور جنگ زدہ علاقے میں داخل ہونے کے لئے بھی تیاررہیں۔ انہوں نے فوج کو حکم دیا کہ وہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے “وار ٹائم اسٹیٹ” میں داخل ہوں اور اچانک حملے کے لئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے خود کو جنگی ساز و سامان سے لیس کریں جب کہ اگلے مورچوں پر تعینات فوجی دستے خود کو حالت جنگ میں تصور کریں۔ ادھرجنوبی کوریا کی صدر نے نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ایمرجنسی میٹنگ طلب کرتے ہوئے سخت گیر ردعمل دیا جائے جب کہ وزیردفاع نے شمالی کوریا کی جانب سے دی گئی دھمکیوں کو مسترد کردیا ہے۔