مہر خبررسان ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جنوب مغربی بنگلہ دیش میں واقع دنیا کے سب سے بڑے مینگروو کے جنگل میں پولیس نے شیروں کا شکار کرنے والے چھ مشتبہ شکاریوں کو ہلاک کردیا ہے۔ مقامی پولیس کے عہدیدار ہریندر ناتھ سرکار نے بتایا کہ انتظامیہ نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد سندربن کے جنگل سے مشتبہ شکاریوں کے گینگ سے تعلق رکھنے والے چھ افراد کی لاشیں دریافت کی ہیں۔ دس ہزار اسکوائر کلومیٹر پر پھیلا یہ جنگل بنگلہ دیش اور ہندوستان دونوں ممالک میں پھیلا ہوا ہے اور اسے یونیسکو نے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کررکھا ہے۔ ہریندر ناتھ سرکار کے مطابق انتظامیہ نے مشتبہ افراد کے پاس سے تین بالغ شیروں کی کھالیں اور اسلحہ برآمد کیا ہے۔
دس سال پہلے سندربن کے جنگل میں شیر کے پیروں کے نشانات کی بنیاد پر کی جانے والی مردم شماری میں ان کی تعداد 440 بتائی گئی تھی تاہم رواں برس ایک نئے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹائیگرز کی کل تعداد 83 سے 130 کے درمیان ہے۔