مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں ایک اور بلاگر کو قتل کردیا گیا، نیلوئے نیل پر ان کے گھر کے اندر خنجروں سے حملہ کیا گیا۔ بنگلہ دیش میں رواں سال میں 3 بلاگرز قتل کیے جا چکے ہیں۔ بنگلہ دیش بلاگرزاینڈ ایکٹیوسٹس کے مطابق حملہ آوروں کا گروہ نیلوئے نیل کے گھر میں داخل ہوا اور خنجروں کے وار سے ان کو قتل کر دیا۔ تنظیم کے صدر عمران سرکار کے مطابق نیل انتہا پسندی کے خلاف تھے جو کہ ان کے قتل کی ایک وجہ بنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نیل بنیاد پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف خیالات کا اظہار کرتے رہے تھے جبکہ وہ خواتین کے حقوق اور اقلیتوں کے لیے بھی آواز بلند کرتے تھے۔
واضح رہے کہ نیلوئے نیل ہندو تھے جبکہ ان سے قبل قتل ہونے والے بلاگرز میں مسلمان بھی شامل تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ 6 افراد کا ایک گروہ ان کے گھر میں داخل ہوا جن کا کہنا تھا کہ وہ کرائے کا گھر تلاش کر رہے ہیں۔ پولیس کے ڈپٹی کمشنر منتصر الاسلام نے بتایا کہ ان ملزمان میں سے 2 نیل کو ایک کمرے میں لے گئے اور وہ وہاں ان کو قتل کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ نیل کی اہلیہ گھر میں موجود تھیں مگر ان افراد نے ان کو دوسرے کمرے میں بند کر دیا تھا۔ بنگلہ دیش میں ہلاک ہونے والے بلاگرز میں ایک مسلمان اور باقی ہندو تھے۔