اجراء کی تاریخ: 6 جولائی 2015 - 19:42

نائیجیریا کے وسطی شہر جوس میں ہونے والے 2 بم دھماکوں میں 44 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ نائیجیریا کے وسطی شہر جوس میں ہونے والے 2 بم دھماکوں میں 44 افراد ہلاک اور 47 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ شہر میں واقع جامع مسجد میں خطبے کے دوران ہوا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آورنے پہلے شدید فائرنگ کی جس کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور امام مسجد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔دوسرا دھماکہ شہر کے مصروف علاقے میں قائم ایک معروف ریسٹورنٹ میں ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہوئے، ذرائع کے مطابق مذکورہ ریسٹورنٹ سیاسی کارکنوں کی آمد کے حوالے سے معروف ہے۔ بم دھماکوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نےقبول نہیں کی تاہم امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میں شدت پسند تنظیم بوکو حرام ملوث ہوسکتی ہے۔