یونان نے آئی ایم ایف کو قرضے کی قسط ادا کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد اُسے دیوالیہ قرار دینے اور یورو زون سے نکالے جانے کے خدشات بڑھ گئےہیں ۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یونان نے آئی ایم ایف کو قرضے کی قسط ادا کرنے سے انکار کردیا، جس کے بعد اُسے دیوالیہ قرار دینے اور یورو زون سے نکالے جانے کے خدشات بڑھ گئےہیں ۔ یونان کو عالمی مالیاتی فنڈ اور یورو زون حکومتوں کا دو ارب 40 کروڑ یورو قرضہ واپس کرنا ہے۔ لیکن یورپی ممالک کے ساتھ تلخیوں اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے قرضے کی شرائط نرم کرانے کے مطالبے کے باعث یونانی حکومت دباو میں ہے ۔ حکومت کو آج آئی ایم ایف کو 30 کروڑ یورو کی قسط ادا کرنی تھی لیکن یہ ادائیگی ملتوی کردی گئی ہے۔ یونانی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ 30 جون تک چار اقساط کی مد میں ایک ارب چھ کروڑ یورو واپس کردے گی۔