مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدرباراک اوبامہ نے نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی جانب سے جاسوسی اور نگرانی کے ترمیم شدہ قوانین کے بل پر دستخط کردیئے ہیں جس کے تحت اب امریکیوں کے فون ریکارڈ نہیں ہوں گے۔صدر اوبامہ نے سینیٹ کی حتمی منظوری کے بعد منگل کی شام اس ترمیم شدہ بل پر دستخط کیے جس کے تحت نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے اختیارات محدود کرتے ہوئے ایجنسی کی جانب سے بڑے پیمانے پر فون کال ریکارڈ کرنے کے پروگرام کو ختم کردیا گیا ہے اور سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں جب کہ فون کا ریکارڈ فون کمپنیوں کے پاس رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔
سانحہ نائن الیون کے بعد امریکہ کی متنازعہ نیشنل سیکیورٹی ایجنسی کے اختیارات میں تبدیلی کا یہ سب سے بڑا بل ہے جو دو دن قبل ختم ہوگیا تھا اور صدر اوبامہ نے اس غیر ضروری تاخیر پر کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے تاہم بعض سینیٹرز اور اراکین کی محنت کی تعریف کی ہے جن کی وجہ سے یہ بل تیار ہوسکا۔ سینیٹ میں اس بل کے حق میں 67 اور مخالفت میں 32 ووٹ ڈالے گئے۔