مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپرپس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے ضلع گوجرانولہ کی تحصیل کامونکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا شمشاد بیٹے سمیت ہلاک ہوگئے۔اطلات کے مطابق گوجرنوالہ کی تحصیل کامونکی کے علاقے راجہ بلھے میں نامعلوم افراد نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی رانا شمشاد کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ گولیاں لگنے سے ان کے بیٹے اور بھتیجے شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں مقتول ایم پی اے کے بیٹے بھی جانبر نہ ہوسکے۔
پولیس کے مطابق رانا شمشاد بیٹے اوربھتیجے کے ہمراہ اپنے فارم ہاؤس سے واپس آرہے تھے کہ راجہ بلھے کے علاقے میں نامعلوم کار سواروں نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رانا شمشاد اور ان کا بیٹا جاں بحق جب کہ بھتیجا شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔