مہر نیوز/ 7 مئی / 2015 ء : افغانستان کی ایک عدالت نے مارچ میں کابل میں ایک ہجوم کے ہاتھوں سر عام خاتون کے قتل میں ملوث 4 افراد کو موت کی سزا سنائی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے افغان ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کی ایک عدالت نے مارچ میں کابل میں ایک ہجوم کے ہاتھوں سر عام خاتون کے قتل میں ملوث 4 افراد کو موت کی سزا سنائی ہے۔ کابل کی ذیلی عدالت کے جج سیف اللہ مجددی نے جن 4 افراد کو سزائے موت سنائی وہ19پولیس اہلکاروں سمیت ان 49 افراد میں شامل تھے جن کے خلاف مقدمے کی سماعت کی گئی، مقدمے میں ملوث مزید8 افراد کو16، 16سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم 18ملزموں کو بری کر دیا گیا جبکہ دیگر زیر حراست افراد کو سزا اتوار کو سنائی جائیگی۔ مشتعل ہجوم نے 19 مارچ کو فرخندہ نامی خاتون کو تشدد کر کے ہلاک کیا اورلاش جلا دی تھی۔موقع پر موجود کئی پولیس اہلکاروں کی طرف سے خاتون کی جان بچانے کیلیے کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔ واقعے میں ملوث افراد کو موبائل فون کے ذریعے لی گئی وڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا جو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لوڈ کی گئی تھی، مجرموں کو اپنی سزاؤں کیخلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔