مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سائنسدانوں نے کہا ہے کہ دنیا میں بڑے جنگلی جانوروں کی آبادی کم ہو رہی ہے جس سے خطہ ارض خالی ہوجانے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پودے کھا کر گزارہ کرنے والے تقریباً 6 فیصد کے قریب بڑے جانوروں کے معدوم ہونے کا خطرہ ہے جن میں گینڈے، ہاتھی اور گوریلے شامل ہیں،’سائنس ایڈوانس‘ نامی جریدے میں شائع ہونیوالے تجزیے میں چرندوں کی 74 اقسام پر غور کیا گیا، تجزیے کے بعد اس صورتِ حال کا ذمے دار بڑے جانوروں کے مسکن کا باقی نہ رہنا اور ان کے غیر قانونی شکار کو ٹھہرایا گیا ہے۔کچھ عرصہ قبل گوشت خور جانوروں پر کی جانیوالی ایک تحقیق سے بھی ان جانوروں کی آبادی میں کمی کی ایسی ہی وجوہات سامنے آئی تھیں۔تحقیق کی قیادت اوریگن اسٹیٹ یونیورسٹی کے پرفیسر ولیم رِپل نے کی۔تحقیق میں ان جانوروں کو شامل کیا گیا جن کا وزن 100 کلو گرام سے زیادہ تھا اور ان میں رینڈیئر یا قطبی ہرن سے لے کر افریقہ کے ہاتھی بھی شامل تھے۔