مہر نیوز/31 مارچ/ 2015 ء : یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے رکن نے کہا ہے کہ پاکستان، مصر اور سوڈان نے دنیاوی مال و زر کی لالچ اور اپنی معاشی بہتری کے لئے یمن کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی امریکہ نواز ظالم و جابر حکومت کی حمایت کی ہے لیکن سعودی ظالموں کی حمایت سے انھیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے رکن علی البخیتی  نے کہا ہے کہ پاکستان، مصر اور سوڈان نے دنیاوی مال و زر کی لالچ اور اپنی معاشی بہتری کے لئے یمن کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی امریکہ نواز ظالم و جابر حکومت کی حمایت کی ہے لیکن سعودی ظالموں کی حمایت سے انھیں کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا۔ البخیتی نے کہا کہ یمن پر زمینی حملے میں مصر کی شرکت سے بہت زیادہ خونریزی ہوگی جس کے نتیجے میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا اور یمن کی تباہی کے ساتھ سعودی عرب میں آل سعود کا بھی خاتمہ ہوجائے گا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہی گارڈ چند قدم کے فاصلے پر ہیں اور ہم ان کا شکار کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان نے یمن کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہےاور اس سلسلے میں پاکستانی فوج کے خصوصی دستے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سعودی عرب کی حمایت  اور یمن کے مظلوم عوام کے خلاف جنگ میں عملی طور پر شریک ہوگئے ہیں۔ جبکہ پاکستان کی کئی سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے پاکستانی حکومت کے اس اقدام کو  پاکستان کے لئے تباہ کن اقدام قراردیا ہے۔ یہ جنگ ظالم اور مظلوم کے درمیان ہے اس میں پاکستان کو شامل نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن کیا کیا جائے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے سعودی شہزادوں سے اتنے تحفہ حاصل کئے ہیں جن کے بدلے میں نواز شریف کو سعودی شہزادوں کی حفاظت اور بقا کے لئے پاکستان کے سیکڑوں اور ہزاروں فوجیوں کی جان کی قربانی دینا پڑے گی ۔ سعودی عرب کے ڈیڑھ ارب ڈالر کے تحفہ کا راز اب کھل گیا ہے کہ بڑے بھائی نے چھوٹے بھائی کو اس حساس موقع کے لئے پہلے ہی کثیر رقم فراہم کردی تھی ۔ پاکستان اور پاکستان جیسے دوسرے ممالک سعودی عرب کے جرائم پیشہ شہزادوں کو اللہ تعالی کے قہر و غضب سے ہر گز نہیں بچا پائیں گے اور سعودی شہزادوں اور ان کے حامیوں کی اس ظالمانہ جنگ میں شکست یقینی ہے کیونکہ اللہ تعالی ہمیشہ مظلوموں کے ساتھ ہے۔