مہر نیوز/20 مارچ/ 2015 ء : یمن کی 2 مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران القاعدہ سلفی وہابی دہشت گردوں کے خودکش حملوں میں شہداء کی تعداد 120 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 300سے زائد نمازی زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یمن کی 2 مساجد پر نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران القاعدہ سلفی وہابی دہشت گردوں کے خودکش حملوں  میں شہداء کی تعداد  120 تک پہنچ گئی ہے جبکہ  300سے زائد نمازی زخمی ہوگئے ہیں۔ عرب ذرائع کے مطابق یمن کے دارالحکومت صنعا میں 3 سلفی وہابی خود کش حملہ آوروں نے حوثی قبائل کے علاقوں میں واقع مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا دیا،پہلے 2 حملے صنعا کے جنوب میں واقع بدر مسجد میں کیے گئے جب کہ تیسرا خود کش حملہ شہر کے شمال میں واقع ایک مسجد میں کیا گیا جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 120 افراد شہید اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق خودکش حملوں کے بعد متعلقہ شہروں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جب کہ سکیورٹی حکام نے ان حملوں کا ذمہ دار القاعدہ کو ٹھہرایا ہے۔ذرائع کے مطابق بدر مسجد  کے امام علامہ مرتضی المحطوری خود کش حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ادھر صوبہ صعدہ میں ایک مسجد پر خودکش حملے کو ناکام اور خودکش بمبار کو ہلاک کردیا گیا ہے۔