مہر نیوز/ یکم جنوری / 2015 : دنیا کے مختلف ملکوں میں سال نو کا بھر پور استقبال کیا جارہا ہے، لندن، پیرس ، برلن ، دبئی ، ماسکو ، سڈنی ، ہانگ کانگ اور آکلینڈ میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گيا ہے ۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں میں سال نو کا بھر پور استقبال کیا جارہا ہے، لندن، پیرس ، برلن ، دبئی ، ماسکو ، سڈنی ، ہانگ کانگ اور آکلینڈ میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گيا ۔ نئے سال 2015 کا آغاز ہوگیا،جس کا دنیا بھر میں روایتی جوش و خروش سے استقبال کیا جارہا ہے، اس موقع پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے بھی کئے گئے ، لندن کے بگ بین میں 12 بجتے ہی آسمان پر رنگ اور روشنیوں کا سیلاب امڈ آیا، دریائے ٹیمز کے کنارے ہونے والی تقریب میں ہزاروں افراد آتش بازی کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہوئے، جرمن دارالحکومت برلن کے تاریخی مقام برانڈن برگ میں ہونے والی تقریب میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور شاندار آتش بازی کا نظارہ دیکھا۔ فرانس کے شہر پیرس میں شانزے لیزے پر ہزاروں افراد نے نئے سال کی تقریب میں حصہ لیا۔ اس موقع پر آتش بازی کا اہتمام بھی کیا گیا تھا، یونان میں بھی 12 بجتے ہی ایتھنز کی فضا روشنیوں سے جگمگا اٹھی ۔ شدید سردی کے باوجود شہریوں نے سال نو کے جشن میں بھرپورحصہ لیا۔روسی دارالحکومت ماسکو کے ریڈ اسکوائر پر سخت سردی میں بھی ہزاروں لوگ نئے سال کا جشن منانے اکٹھا ہوئے۔