مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں نوجوان بیٹی نے ڈنڈے کے وار کر کے اپنے سگے باپ کو قتل کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کورنگی کے علاقے بنگالی پاڑہ میں نوجوان لڑکی فرزانہ نے اپنے سگے باپ لال خان کو سر میں ڈنڈے مار مار کر قتل کرنے کے بعد خود تھانے پہنچ کر گرفتاری دے دی جب کہ پولیس نے ملزمہ کو باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا۔ ملزمہ فرزانہ کا کہنا ہے کہ باپ کی جانب سے تشدد کیا جاتا تھا اور تشدد سے تنگ آکر انہیں سوتے ہوئے سر میں ڈنڈے مار کر قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزمہ کے بیان سے لگتا ہے اصل حقائق کچھ اور ہیں تاہم مقتول کے بھائی کی مدعیت میں فرزانہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمہ کو کل عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیاجائےگا۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ کی 3 مہینے قبل ہی شادی ہوئی تھی اور اپنے گھر والوں سے ناراض ہوکر والد کے گھر آگئی تھی تاہم باپ کی جانب سے دوبارہ جانے کے لئے سختی کی گئی جس پر ملزمہ نے طیش میں آکر باپ لال خان کو قتل کردیا۔