مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر راولپنڈی میں اسکیم تھری کی رہائشی خاتون نے تیسری شادی کے خواہشمند اپنے شوہر اور اپنے دو بچوں کو زہر دے کر اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق راولپنڈی کی اسکیم تھری کے بلاک سی کے رہائشی شاہد عباس نے شاہدہ بی بی کے ساتھ دوسری شادی کی تھی تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ تیسری شادی کرنا چاہتا تھا جس پر میاں بیوی کے درمیان اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔ گزشتہ روز شاہد عباس نے شاہدہ بی بی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس پر اس نے اپنے بچوں اور شوہر کے ساتھ خود بھی اپنی زندگی کے خاتمے کا فیصلہ کیا۔اتوار اور پیر کی درمیانی رات شاہدہ نے پہلے اپنے شوہر شاہد عباس ، 6 سالہ بچے عادل اور 6 ماہ کی علیشاہ کو زہر دیا اور اس کے بعد تار کی مدد سے ان کا گلہ گھونٹ دیا۔ تینوں افراد کے قتل کے بعد شاہدہ بی بی نے شاہد کے بہنوئی کو فون کرکے اپنے اقدام سے آگاہ کیا اور پھر خود بھی پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔ شاہدہ اور شاہد کے گھر والے جب موقع پر پہنچے تو دروازہ بند پاکر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جب تک پولیس مکان میں داخل ہوئی تب تک بہت دیر ہوچکی تھی۔ پولیس نے لواحقین کے ابتدائی بیان کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی ہیں۔