مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کوئٹہ کے ہزار گنجی کے علاقے میں سبزی منڈی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے 8 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں سبری منڈی کے قریب 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 3 مسلح دہشت گردوں نے منی بس پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ مسلح دہشت گرد فائرنگ کے واقعہ کے بعد فرار ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے سبزی فروش تھے اور ان کا تعلق ہزارہ قبائل سے ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر طالبان دہشت گردوں کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے ہزار گنجی میں فائرنگ سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام کو فوری طور پر ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔