مہر نیوز/19 اکتوبر/ 2014 ء :ہندوستان کی 2 ریاستوں مہاراشٹرا اور ہریانہ میں 378 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بھی حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کرسامنے آئی ہے جہاں دونوں ریاستوں میں بی جے پی نے مجموعی طور پر 169 سیٹیں حاصل کی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی 2 ریاستوں مہاراشٹرا اور ہریانہ میں 378 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں بھی حکمراں جماعت بھارتی جنتا پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کرسامنے آئی ہے جہاں دونوں ریاستوں میں بی جے پی نے مجموعی طور پر 169 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ ہندوستان کی ریاستوں مہاراشٹرا اور ہریانہ میں 15 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے آج جاری ہونے والے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتی جنتا پارٹی نے مہاراشٹرا کی 288 نشستوں میں سے 122 نشستیں حاصل کیں جب کہ اسی ریاست سے شیو سینا دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جو 63 نشتیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ انتخابات کے دوران مہاراشٹرا سے ہندوستان کی سابق حکمران جماعت کانگریس نے 42 سیٹیں، نیشنل کانگریس پارٹی نے 41 اور مہاراشٹرا نیونرمن سینا صرف ایک سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکی جب کہ دیگر جماعتوں اور آزاد اراکین نے 19 سیٹیں حاصل کیں۔ ادھر ہریانہ کے ریاستی انتخابات میں بھی بی جے پی سب پر بازی لے گئی جہاں اس نے 90 میں سے 47 سیٹیں حاصل کیں۔ ہریانہ میں انڈیا نیشل لوک دل دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جس نے 19 سیٹیں حاصل کیں جب کہ کانگریس 15 سیٹوں کےساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ انتخابات کےدوران ہریانہ کے سابق وزیر اعلیٰ بھجن لال کی جماعت ہریانہ جنہت کانگریس صرف 2 سیٹیں ہی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جب کہ 7 نشستوں پر آزاد اراکین اور دیگر جماعتوں نے کامیابی حاصل کی۔