مہر نیوز/5 اکتوبر/ 2014 ء :شام میں امریکہ اوراس کے عرب اتحادی ممالک سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات کے جنگی جہازوں کی بمباری کے نتیجے میں سلفی وہابی دہشت گرد تنظیم داعش کے35 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شام میں امریکہ اوراس کے عرب اتحادی ممالک  سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات کے جنگی جہازوں کی بمباری کے نتیجے میں سلفی وہابی دہشت گرد تنظیم  داعش کے35 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ترک سرحد کے ساتھ شامی کرد قصبے کوبانی کے ارد گرد داعش دہشت گردوں اور اتحادی فوج میں شدید لڑائی جاری ہے۔ جمعہ کو داعش  دہشت گردوں نے47 سالہ برطانوی مغوی شہری ایلن ہیننگ کو بھی قتل کیا اور قتل کی وڈیو بھی جاری کی تھی۔ مغوی کے قتل کے بعد برطانیہ میں خوف پھیل گیا۔برطانوی وزیراعظم نے مغوی برطانوی شہری کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ داعش نے سعودی عرب اور امریکہ کے اتحاد عرب ممالک کو بھی حملوں کی دھمکی دے رکھی ہے۔ لیکن سعودی عرب کے حکام نے داعش دہشت گردوں کو شام اورعراق میں ہی کچلنے کے لئے کارروائی شروع کررکھی ہے اور سعودی حکام داعش دہشت گردوں کو سعودی عرب کا رخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ادھر اقوام متحدہ میں روس کے مستقل مندوب نے داعش کے خلاف امریکی حملے کے لیے شام کی حکومت سے ہم آہنگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ رضامندی کے بغیر شام پر بمباری پر ہمیں تشویش ہے۔