مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس نے تصدیق کی ہے کہ الجیریا میں عراق اور شام میں سرگرم دولتِ اسلامیہ (داعش ) دہشت گرد تنظیم سے منسلک ایک دہشت گرد گروپ نے فرانسیسی شہری کا سر قلم کر دیا ہے۔ فرانس کے شہری ہروی گورڈو سیاحت کے لیے الجیریا گئے تھے اور انھیں اتوار کو اغوا کیا گیا تھا۔
فرانسیسی حکومت کے مطابق 55 سالہ گورڈو کو جند الخلیفہ نامی دہشت گرد تنظیم نے ہلاک کیا اور اس سے پہلے اس تنظیم نے فرانس کو عراق اور شام میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی کارروائیاں روکنے کی مہلت دی تھی۔فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے قتل کے واقعہ کو" ظالمانہ اور بزدلانہ" اقدام قرار دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتے دولتِ اسلامیہ کے خلاف شروع کیے گئے فضائی حملے جاری رہیں گے۔