مہر نیوز/23 اگست / 2014 ء : پاکستان کی موجودہ صورت حال پر پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک میں جاری سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی موجودہ  صورت حال پر پاکستان کےوزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک میں جاری سیاسی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن، سابق وزیر داخلہ رحمان ملک اور سینیٹر رضا ربانی کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعہ کراچی سے لاہور پہنچے جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر رائے ونڈ میں جاتی عمرہ پہنچے، جہاں ان کا استقبال وزیراعظم نوازشریف نے خود کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور حمزہ شہباز، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے وزير اعظم کو استعفی نہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے اپنی حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے اور کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں وہ حکومت کی ہر ممکن مدد کرنے کے لئے تیار ہیں۔