مہر نیوز/4 اگست / 2014 ء : آئرلینڈ کے گاؤں کینوارا میں مقامی تاجروں، ہوٹل مالکان اور کیمسٹس نے ’غزہ پر جاری صہیونی بمباری‘ کے تناظر میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آئرلینڈ کے گاؤں کینوارا میں مقامی تاجروں، ہوٹل مالکان اور کیمسٹس نے ’غزہ پر جاری صہیونی بمباری‘ کے تناظر میں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ گاؤں میں فعال غیر سرکاری تنظیم ’’آئرش فلسطین یکجہتی مہم(IPSC)‘‘ کے کوآرڈینٹر کیون اسکوائرز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کا مقصد پرامن اندازسے اسرائیل پر دباؤ ڈالنے کا اظہار ہے تاکہ وہ فلسطینی علاقوں پر اپنا قبضہ ختم کرے اور بین الاقوامی قانون کا احترام کرے۔ فلسطین کی حمایت میں پیش پیش آئرش خاتون وکی ڈونیلی کا کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت شرمندگی ہوئی جب آئرلینڈ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے اجلاس میں غزہ پر اسرائیلی کارروائی کی تحقیقات کے سلسلے میں پیش کردہ قرارداد میں اپنا ووٹ استعمال نہ کیا۔ آئرش حکومت نے ایسا نہ کرکے بچوں، خواتین اور مردوں کے قتل عام کو روکنے کے لئے اپنے سفارتی دباؤ کا استعمال نہیں کیا مگر ہمیں فخر ہے کہ کینوارا کے رہائشیوں نے اس بین الاقوامی مہم میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔