مہر نیوز/10 جولائی / 2014 ء : اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جیٹ طیاروں کی مدد سے فضائی کارروائی جاری ہے تازہ حملوں میں 5 بچوں سمیت 8 افراد شہید ہوگئے ہیں جبکہ 2 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر گئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فلسطین الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جیٹ طیاروں کی مدد سے فضائی کارروائی جاری ہے تازہ حملوں میں 5 بچوں سمیت 8 افراد شہید ہوگئے  ہیں جبکہ 2 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 70 سے تجاوز کر گئی  ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری کا سلسلہ تیسرے روز بھی جاری رہا اور تازہ کارروائی میں اسرایلی جیٹ طیاروں نے شمالی غزہ کے علاقے خان یونس میں بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 معصوم بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 2 روز سے جاری اسرائیلی جارحیت کے دوران 72 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 50 سے زائد شہری ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور کمسن بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے دوران زخمی ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی ہے امریکہ اور فرانس نے اسرائیلی جارحیت کی حمایت کی ہے جبکہ سعودی عرب اور خلیجی عرب ریاستیں اسرائیل کی بربریت پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ سعودی عرب نے حتی اسرائیلی جارحیت کی مذمت تک نہیں کی۔ جبکہ ایران، شام، مصر ، پاکستان اور بعض دیگر ممالک نے اسرائیلی بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ادھر فلسطینی تنظیم حماس نے بھی اب پتھروں کے بجائے اسرائیل پر راکٹوں سے جوابی حملہ کیا ہے جس سے اسرائیلیوں پر شدید خوف و ہراس طاری ہوگیا ہے۔