مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ترمیم کرتے ہوئے جماعت الدعوۃ سمیت 4 پاکستانی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے جماعت الدعوۃ کو لشکر طیبہ ہی قراردیا گیا ہے۔ امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جن 4 تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیا گیا ہے یہ تنظیمیں دراصل کالعدم لشکر طیبہ کے ہی مختلف نام ہیں اور پابندیوں سے بچنے کے لیے بار بار اپنا نام تدیل کرتی رہتی ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے مطابق جن 4 تنظیموں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے اس میں جماعت الدعوۃ، انفال ٹرسٹ، تحریک حرمت رسول اور تحریک تحفظ قبلہ اول شامل ہیں۔
ان 4 تنظیموں کے علاوہ امریکی وزارت خزانہ نے لشکر طیبہ کے 2 رہنماؤں نذیر احمد چوہدری اور محمد حسین گل کو بین الاقوامی دہشت گرد بھی قرار دیا ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق نذیر احمد چوہدری 2000 کے ابتدائی دنوں سے ہی لشکر کی حکمت عملی سے منسلک رہے ہیں جب کہ محمد حسین گل لشکر طیبہ کے بانی اراکین میں سے ہیں اور اس وقت تنظیم کی مالی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ واضح ہے کہ امریکہ نے 2001 میں لشکر طیبہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا تھا جب کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو بھی امریکہ دہشت گرد قرار دے چکا ہے ۔