مہر نیوز/ 19 جون / 2014 ء :امریکہ کے نائب صدر جو ہائیڈن نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر ماسکو نے یوکرائن میں اپنی مداخلت کی پالیسی بند نہ کی توامریکہ اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس پر مزید پابندیاں عائد کردےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے نائب صدر جو ہائیڈن نے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر ماسکو نے یوکرائن میں اپنی مداخلت کی پالیسی بند نہ کی توامریکہ  اتحادیوں کے ساتھ مل کر اس پر مزید پابندیاں عائد کردےگا۔ اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو بائیڈن نے یوکرائن کے صدر پیٹرو پروشینکو سے ملاقات میں کہا کہ روس کی جانب سے یوکرائن میں علیحدگی پسندوں کو اسلحہ اور جنگجو بھیجے جا رہے ہیں، انھوں نے یوکرائن کے صدر کو یقین دلایا کہ اگر روس نے یوکرائن میں اپنا جارحانہ رویہ ختم نہ کیا اور علیحدگی پسندوں سے لاتعلقی اختیار نہ کی تو امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر ماسکو پر مزید پابندیاں عائد کرے گا۔واضح رہے کہ مارچ میں امریکہ اور یورپی یونین نے یوکرین میں علیحدگی پسندوں کا ساتھ دینے اور مشرقی جزیرے کریمیا پر قبضہ کرنے پر روس کی متعدد اعلیٰ شخصیات اور کمپنیوں پر پابندیاں عائد کر دی تھیں۔ دوسری جانب یورپی یونین نے روس پر عائد پانبدیوں کے حوالے سے 27 جون کو ایک اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ خود یوکرائن میں مداخلت کررہا ہے لیکن اسے اپنی مداخلت نظر نہیں آتی۔ امریکہ کی مداخلت کی وجہ سے یوکرائن سے کریمیا الگ ہوگیا۔