مہر خبررساں ایجنسی نے السومیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراق میں خودکش حملے سمیت بم دھماکوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جب کہ 34 زخمی ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق دارالحکومت بغداد میں امام بارگاہ کے باہر نماز ظہر کے وقت خودکش حملہ آور نے خود کو مرکزی دروازے کے باہر دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 19 افراد شہید اور 34 زخمی ہوگئے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ القاعدہ سے منسلک تنظیم داعش کے دہشت گردوں نے کیا۔دوسرا دھماکہ بغداد کے ہی علاقے صدر سٹی اور دورا کے درمیان سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوئے جبکہ عراق میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ شمالی شہر موصل میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔